کراچی (اسٹاف رپورٹر) چترال ‘ گلگت ‘ بلتستان اورجنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی و اموات پر اظہار افسوس اور بیمثال امدادی و فلاحی خدمات پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ (سندھ)کے صوبائی صدر شہاب الدین شاہ حسینی ‘ جنرل سیکریٹری شاہد قریشی اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سیدنے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری وسیع الدین ‘ فائنانس سیکریٹری جمیل احمد ‘ ڈپٹی فائنانس سیکریٹری محمد مشرف اور جوائنٹ سیکریٹری سلمان احمدکے ہمراہ کراچی پریس کلب میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے نام پر مسنداقتدار پر براجمان ہونے والوں کی بے حسی ملک و قوم کیلئے عذاب بن چکی ہے۔
بجلی ‘ پانی وگیس بحران نے قومی معیشت کو برباد کردیا ہے جس کی وجہ سے بیروزگاری و غربت میں اضافہ ہورہا ہے اورنت نئے ٹیکسوں کے باعث عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوچکا ہے جبکہ عوامی ٹیکسوں پر پلنے اور عیاشیاں کرنے والے حکمران عوام کو جان ومال کے تحفظ کی فراہمی کی بجائے سیاسی رسہ کشی میں الجھے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے مخالفین کو شکست دینے کے بعد جشن منانے اورمعافی کے مطالبات میں مصروف ہیں جبکہ دہشتگردوں‘ جرائم پیشہ عناصر ‘ مافیاز ‘ مہنگائی ‘ بیروزگاری‘ غربت و بحرانوں سے پریشان عوام اب سیلابی ریلوں میں بہہ رہی ہے۔
مگر حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں ہے جس کی وجہ سے چترال ‘ گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں سیلابی ریلوں نے جو کیا پوری قوم اس پر اشک بار ہے مگر حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اور اب سیلاب نے سندھ اور بلوچستان کا رخ کیا ہے تو بھی صوبائی اور وفاقی حکومتیں آنکھوں پر پٹی باندھے عوام کے نالہ و فریاد کی منتظر ہیں ۔ شہاب الدین حسینی نے کہا کہ حکمرانوں کے افعال و اعمال اور کردار نے عوام پر یہ بات آشکارہ کردی ہے کہ پرویز مشرف کا دور اقتدار ہی عوام کیلئے تحفظ ‘ آسودگی ‘ اطمینان اور خوشحالی کا دور تھا اسلئے اب ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والا محب وطن پاکستانی مشرف کو دوبارہ اقتدار میں لانا چاہتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ نہ صرف عوام جوق درجوق اے پی ایم ایل میںشریک ہورہے ہیں بلکہ بڑے سیاستدانوںنے درپردہ مشرف سے رابطے شروع کردیئے ہیں اور عوامی سیاستدان اپنی اپنی جماعتوں کو خیر باد کہہ کر اے پی ایم ایل سے ناطہ جوڑ رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس حکومت کی رخصتی کے بعد اس ملک میں پرویز مشرف کی حکمرانی ہوگی کیونکہ عنقریب ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اے پی ایم ایل ملک بھر سے بھرپور حصہ لے گی اور پاکستان کے عوام مشرف کی محبت میں اے پی ایم ایل کو حقیقی طور پر عوامی مینڈیٹ کی حامل سب سے بڑی قومی جماعت ثابت کریں گے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ شہید بینظیر آباد ‘ نوابشاہ سے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (نوازلیگ) کے جنرل سیکریٹری سیف ظفر علی شاہ نے ایم ایس ایف (نواز)چھوڑنے اور آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام شخصیت پرستی کے سحر اور تعصب و لسانیت سے آزاد ہورہے ہیں اور ان میںکردار و کارکردگی کی بنیاد پر قیادت منتخب کرنے کے رجحان کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ کردار و کارکردگی کے اعتبار سے مشرف ہی وہ واحد قائد و رہنما ہیں جو اس ملک و قوم کو مسائل و مصائب سے نجات دلاکر ترقی و خوشحالی کی کہکشا ¶ں تک پہنچاسکتے ہیں۔
اسی لئے میں نے اور میرے ساتھ ایم ایس ایف (نواز) میں شامل سینکڑوں ساتھیوں نے ایم ایس ایف ( نواز) چھوڑ کر اے پی ایم ایل میں شمولیت اختیار کی ہے اور ہمیں دکھائی دے رہا ہے کہ اب ہر ذی شعور ‘ محب وطن ‘ حساس اور پاکستان میں جاری عوامی استحصال سے بیزار ہر پاکستانی منافق و مفاد پرست قےادتوں سے نجات حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشرف کا ساتھ دینے اور مشرف کو اقتدار میں لانے کا تہیہ و فیصلہ کرچکا ہے۔