پشاور (جیوڈیسک) پشاور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناہید خان عباسی نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے انتخابی وعدے کے مطابق بے نظیر بھٹو شہید کے قاتلوں کو بے نقاب کریں۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ بے نظیر بھٹو کو قتل کرنے میں کن قوتوں کا ہاتھ رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بے نظیر شہید کے قاتلوں تک پہنچنا ارباب اقتدار کی ترجیح ہی نہیں تھی۔
پیپلز پارٹی کی قیادت پانچ سال اپنا اقتدار بچانے میں ہی لگی رہی،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اسے کسی کی جاگیر بنانے نہیں دیں گے، انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے کمیشن بنایا جائے گا، دہشت گردی پوری قوم کا اجتماعی مسئلہ ہے سب نے مل کر اس مسئلے کو حل کرنا ہے۔