نواز شریف کا قوم سے پہلا خطاب صرف نیک تمنائوں و خواہشات تک محدود تھا ،جماعت اسلامی
Posted on August 21, 2013 By Noman Webmaster گجرات
گجرات : جماعت اسلامی زون پی پی 115 کے امیر حاجی غضنفر اقبال اور دیگر راہنمائوں چوہدری عمران انور، سید فیاض شبیر،میاں عابد محمود اور قاری انیس الرحمان نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کا قوم سے پہلا خطاب صرف نیک تمنائوں و خواہشات تک محدود تھا ملکی مسائل کے حل کے لیے کوئی واضح ڈائریکشن نہیں تھی ۔ قوم کا پیٹ تقریروں سے نہیں بھرے گا۔
یہ وقت انتخابات اور انتخابی منشور پیش کرنے کا نہیں، قوم کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدوں کی تکمیل کاہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے مزید غیر ملکی قرضے لینے کا عندیہ دے کر قوم کو مایوس کیا ہے۔ بجلی، گیس، پٹرولیم، سی این جی گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
کشکول توڑنے کے دعوے داروں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے قوم سے کیے گئے وعدے ہوا میں تحلیل ہوتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے واقعہ کے بعد دہشتگردی کی نام نہاد جنگ و امریکی ڈکٹیشن پر اپنائی گئی۔
پالیسی جسے جنرل پرویز مشرف نے اپنایا، اسے صدر زرداری نے سینے سے لگایا اور موجودہ حکومت بھی اسی راہ پر گامزن ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متفقہ قومی پالیسی اختیار کی جائے اور از سر نو داخلہ و خارجہ پالیسیاں قومی امنگوں کے مطابق ترتیب دی جائیں۔