لاڑکانہ (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے اچھے اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی،ملک نے ترقی کی تو ہم بھی کہیں گے قدم بڑھاو نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نوڈیرو میں واقع نوڈیرو ہاوس میں کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف نے بہتر اقدامات کیے، تو پیپلز پارٹی سینیٹ میں بھرپور حمایت کرے گی۔تاہم اگر موجودہ حکومت ملکی مسائل حل نہ کرسکی تو کوئی اور لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت کے زیر اہتمام ضلعی سطح پر بجلی گھر قائم کیے جائیں گے تاکہ توانائی کا بحران حل ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسی ترقی کی خواہاں ہے جہاں نوجوان، بلاول اور ان کی اولاد بھی ترقی کر سکے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے بھی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کے ساتھ ساتھ مستحق خواتین کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔