اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز، شہباز اور ان کی اولادیں جیل میں ہوں گی۔
اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے ’’یوم تشکر‘‘ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں اور اسی لیے نواز شریف چاہتے تھے کہ انہیں غیر قانونی طور پر نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ یہ پانچوں میں فیل ہو گا اور قربانی سے پہلے ہی قربانی ہوگی جب کہ نواز شریف نے 3 دفعہ کہا کہ شیخ رشید اسمبلی میں نہیں ہو گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ میں نے اس قوم کو کہا کہ2017 ان کا آخری سال ہو گا اور اب نواز، شہباز اور ان کی اولادیں جیل میں ہوں گی لیکن ہم ظالم نہیں جیل میں انہیں اے کلاس دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو لایاجارہا ہے اور شہباز شریف یاد رکھو یہ برادر یوسف ہے، قطری گاڑی میں سیف الرحمان آیا اور کہا خاقان کو وزیراعظم بناؤ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ملک میں عظیم ادارے، عظیم فوج اور عظیم ججز ہیں اور جب تک تمام ادارے اور عمران جیسا لیڈر ہے ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی چور کی چور سے نہیں بلکہ چور سے چوکیدار کی تبدیلی چاہتے ہیں اسی لیے عمران نے مجھے کہا شاہد خاقان کے مقابلے میں کاغذات جمع کراؤ ہم سپورٹ کریں گے۔