اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف منگل کو علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کا آج صبح پھر تفصیلی معائنہ کیا اور نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے آپس میں صلاح مشورہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اسٹیرائیڈ کی ہائی ڈوز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ ان کے پلیٹیلیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے۔
لاہور ہائیکورٹ نے بانڈ کی حکومتی شرط ختم کر دی، نواز شریف کا نام ECL سے نکالنے کا حکم ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ہائی بلڈ شوگر، ہارٹ اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی نواز شریف کو ادویات دی جا رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ڈاکٹرز ایسی محفوظ طبی حکمت عملی پر کاربند ہیں جس سے نواز شریف بحفاظت سفر کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس منگل کی صبح پہنچے گی اور منگل کو ہی نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔
دوسری جانب نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ نواز شریف طبیعت بہتر ہونے پر ہی بیرون ملک روانہ ہو سکیں گے۔