لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف بھارت میں امن کی آشا کی نہیں پاکستان کی نمائندگی کریں۔ مذاکرات کا مخالف نہیں ہوں مگر یہ بامقصد ہونے چاہئیں۔ فاٹا اور دیگر علاقوں میں آپریشن کا مخالف ہوں۔
یہاں مشرقی پاکستان جیسی صورت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔تحریک انصاف لاہور کے صدر علیم خان کے آفس میں الیکٹرانک میڈیا کے بیورو چیفس سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ کوئی میر شکیل الرحمن کو معاف کرے تو کرے، میں معاف نہیں کروں گا۔ حکومت جیو ٹی وی کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس کے بہت سے مفادات ہیں۔ فوج اور آئی ایس آئی چیف کو ٹارگٹ کرنے پر فوجی جوانوں اور افسروں اشتعال پایا جاتا ہے۔ وہ بھلا میر شکیل الرحمن کو کیسے معاف کرسکتے ہیں؟ پنڈی بھٹیاں ، حافظ آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھاندلی میں ملوث افراد کے نام سامنے لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں، دو نمبری کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔
شریف برادران جو مرضی کرلیں، دھاندلی کرنے والوں کو کوئی نہیں بچا سکے گا۔ ہم انہیں ہر حال میں عدالت تک لے جائیں گے۔ عام انتخابات میں دھاندلی سے جیتنے والی ن لیگ چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق سے بھی ڈرتی ہے۔
پنڈی بھٹیاں میں پی پی 107 کے ضمنی انتخابات میں مسز انتصار بھٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف بتائیں پی سی بی کے چیئرمین کے منصب کے لیے انہیں نجم سیٹھی کے سوا کوئی کیوں نظر نہیں آتا۔
کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی بار بار تبدیلی سے دنیا بھر میں پاکستان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی، چودھری مہدی حسن بھٹی، چودھری لیاقت عباس بھٹی، شوکت علی بھٹی، مبشر عباس بھٹی اور تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری بھی موجود تھے۔