راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن نواز شریف نے شروع کیا نہ فوج نے یہ آپریشن میں نے شروع کیا۔ نوازشریف کو کتنی دفعہ کہا کہ خوشامدی لوگ وفادار نہیں ہوتے۔
این اے 59 کے علاقہ جھتہ ہتھیال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ 1985 سے اس مقام پر جلسے کیے مگر ایسا جلسہ نہیں دیکھا، مجھے یقین ہوگیا ہے کہ کوئی ٹکٹ والا آئے یا بے ٹکٹا، اس کو شکست ہوگئی۔ عزت عہدوں سے نہیں ملتی اور نہ ہی سیاست پیسہ بنانے کے لیے کی، آج یہاں اتنی بڑی تعداد میں لوگ دیکھ کر اور آپکا جذبہ دیکھ کر میرا حوصلہ اور بلند ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے نواز شریف کو ہمیشہ کہا ہے اصل وفادار وہ نہیں ہیں جو ہاتھ باندھ کر صبح سے شام تک آپکی خوشامد کریں، خوشامد کرنے والے لوگ مطلبی لوگ ہوتے ہیں۔ یہ خوشامد اپنے مطلب کے لیے کرتے ہیں اصل آپکا وفادار وہ ہوگا، جو اس کے دل میں ہے وہ زبان سے آپ کے سامنے بات کرے گا۔ساری عمر یہ ہی کیا ہے اس عمر میں میں کس طرح بدل سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق اور محمد خان جونیجو کے سامنے بھی کہا غلام اسحاق خان کے سامنے بھی کہا اور وہ ہی رات نواز شریف کے سامنے بھی کہا۔ میں سمجھتا ہوں کہ دل کی سچی اور کھری بات غلط ہو سکتی ہے، انسان عقل کل تو نہیں ہے۔ میں عقل کل نہیں،عقل کل صرف اللہ تعالی کی ذات ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ میرے دل میں کوئی اور بات ہو اور زبان پر کوئی اور بات ہو۔