اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے 24 ستمبر کو امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ 26 ستمبر کو اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ امریکی نائب صدر اور جاپانی وزیراعظم کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیراعظم مختصر وفد کے ہمراہ امریکا جائیں گے جب کہ ان کا سیکیورٹی اسٹاف پہلے سے امریکہ میں موجود ہے۔ طارق فاظمی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ ملاقات طے نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے 14 اگست سے اسلام آباد میں دھرنے کے بعد بیرون ملک کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ بیرون ملک کے 2 دورے ملتوی بھی کرچکے ہیں جس میں ترکی کے صدر طیب اوردگان کی تقریب حلف برادری بھی شامل تھی۔