نوازشریف میرے عزیز ہم وطنوں سے بہتر ہیں، زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے موجودہ حکمرانوں کو فوجی حکومت سے بہتر قرار دیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ’میرے عزیز ہم وطنوں‘ سے بہتر سمجھتا ہوں، جمہوریت کی کشتی ڈوب گئی تو کوئی ’میرے عزیز ہم وطنوں‘ کہنے والا آ جائے گا، بدترین جمہوریت بھی آمریت سے بہترہے۔

پیپلز پارٹی کے 47 ویں یوم تاسیس کی تقریب لاہور میں ہوئی البتہ اس میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شریک نہیں ہوئے البتہ شریک چیئرمین آصف زرداری نے شرکت کی۔ شریک چیرمین نے کی تقریر کے دوران گو نواز گو اور رو عمران رو کے نعرے لگے جس پر انہوں نے کہا کہ کارکنان جو مرضی نعرے لگائیں، مجھے سب اچھے لگتے ہیں، کارکنوں کو سیاسی نعرے لگانے سے نہیں روک سکتا۔

سابق صدر نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ تین چار ماہ سے ڈرامہ لگا ہوا ہے کہ جمہوری کشتی کو گرا دیا جائے لیکن کسی کو جمہوریت ختم کرنے نہیں دیں گے، جو امپائر کی انگلی پر سیاست کر رہے ہیں، ان کی کرکٹ پر بھی شک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر دی جانے والی دھمکیوں پر تشویش ہے، تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آ سکتی ہے، کسی کو دباؤ کے ذریعے ایجنڈا نافذ کرانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ آصف زرداری نے کرکٹ کی زبان میں بھی بات کی اور کہا کہ کپتان صاحب کو بالنگ کرنے دو، جب پچ ٹھیک ہو جائے گی تو وہ بولنگ کریں گے۔

انہوں نے عمران خان پر امپائر کو ساتھ ملا کر کرکٹ کھیلنے کا الزام بھی لگایا اور واضح کیا کہ پی پی پی جمہوری امپائر پر سیاست کرے گی۔ سابق صدر نے کہا کہ عمران خان بین الاقوامی سیاست کو نہیں سمجھتے، چیئرمین پی ٹی آئی کو ابھی سیاست سمجھنا پڑے گی۔ یوم تاسیس پر کارکنان نے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو پر تنقید کی لیکن ساتھ ہی پارٹی کا ساتھ دینے کا عزم بھی کیا۔