لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی لاہور کے حلقے این اے 120 میں شکریہ مہم کے سلسلے میں دورہ، حلقہ کے لوگوں نے شاندار استقبال کیا۔
مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو لوگ سمجھتے تھے نواز شریف واپس نہیں آئیں گے انہیں مایوسی ہوئی، شریف خاندان میں رنجش کی توقعات رکھنے والوں کو شرمندگی ہو گی۔
انہوں نے کہا اقتدار سے کسی کو باہر رکھنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں، یہ اللہ اور اس کے بعد عوام کے فیصلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سوچتے تھے نواز شریف پر کرپشن ثابت ہوگی اس میں کوئی حقیقت نہیں، ایسے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، ن لیگ دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔
قبل ازیں مریم نواز بیگم کلثوم نواز کے انتخابی حلقے این اے 120 کے علاقے مزنگ میں پہنچی تو لیگی کارکنان نے گل پاشی کر کے انکا استقبال کیا، مریم نواز نے حلقے کے کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور عوام کے مسائل سنے، لوگوں نے مریم نواز کو مسائل کے حوالے سے درخواستیں بھی دیں۔