کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے جمہوری وزیر اعظم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے کے بجائے نواز شریف کو ملکی معیشت کی ابتر صورتحال کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں جو اب تک ماضی کی طرح عالمی اداروں کے سامنے ملک کو گروی رکھنے اور امیر کو امیر تر اور غریب کو غریب تر بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
اتوار کو 70 کلفٹن پر پارٹی پنجاب کے آرگنائزر علی حسن چشتی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھٹونے 1970 میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں خصوصاً پنجاب سے بھاری تعداد میں کامیابی حاصل کی تھی اس کی بنیاد ان کے انتخابی منشور کا وہ نکتہ ہے جس کے مطابق ملک میں سوشلسٹ معیشت کاقیام عمل میں لایا جائے گا اور معیشت پر 22 خاندانوں کی اجارہ داری کا خاتمہ کیا جائے گا۔