وزیر اعظم نواز شریف کی برطانوی وزیردفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ باہمی امور اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے 3 روزہ دورہ برطانیہ کے موقع پر آج لندن میں برطانوی وزیر دفاع فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ باہمی امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ کیا گیا جب کہ افغانستان سے رواں سال کے آخر میں برطانوی فوج کی واپسی پر فوجی سازو سامان کی خریداری سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نوازشریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر حکومتی و سرکاری شخصیات کے ساتھ 3 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچے تھے۔ وزیراعظم دورے کے دوران برطانوی ہم منصب سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال جب کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب اور وہاں مقیم پاکستانی برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔