اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ہو گئی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق انہیں کینسر نہیں ہے اور ان کی بیماری کا علاج ممکن ہے۔
ماہر امراض ہیماٹالوجسٹ پروفیسر طاہر سلطان شمسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کی بیماری تشخیص ہو گئی ہے اور ان کو لاحق بیماری کا نام اکیوٹ آئی ٹی پی ہے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے شکر ہے کہ نواز شریف کو کینسر نہیں، انہیں جو مرض ہے وہ قابل علاج ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نواز شریف کا بون میرو جانچنے کے لیے ٹیسٹ کیا گیا، نواز شریف کو بون میرو کا کوئی کینسر نہیں ہے، نواز شریف کی بیماری کا علاج اسٹیرائیڈ اور آئی وی آئی جی انجیکشن کے ذریعے ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی نے بتایا کہ یہ ادویات ملنے کے بعد مریض کے پلیٹیلیٹس بننا شروع ہو جاتے ہیں، آئی وی آئی جی انجیکشن ملنے کے 10 سے 12 روز بعد مریض کے پلیٹیلیٹس تقریباً نارمل ہو جاتے ہیں۔
قبل ازیں نواز شریف کا علاج سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے لاہور ہائیکورٹ میں بتایا کہ نواز شریف کی بیماری کے بارے میں ابھی نہیں بتا سکتے تاہم انہیں مختلف مسائل ہیں جن میں ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کی بیماری ہے جب کہ نواز شریف کے گردے بھی خراب ہیں اور دو مرتبہ دل کا آپریشن بھی ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نواز شریف کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کر چکا ہے، انہیں ڈینگی نہیں ہے اور ان کی بیماری کا علاج پاکستان میں ممکن ہے۔