راولپنڈی (جیوڈیسک) 34 سال نواز شریف کا ساتھ دیا لیکن کبھی کچھ نہیں مانگا، خاندان کی سیاست کی نہ کسی مخالف کو نشانہ بنایا، جب بھی اقتدار ملا عوام کی خدمت کی۔ چودھری نثار کا چکری میں خطاب، 25 جولائی کا سورج فتح کی نوید لیکر طلوع ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری، حلقہ این اے 59 کے علاقے چکری میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو دیکھ کرحوصلہ بڑھا ہے، آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ 34 سال سے ہمیشہ علاقے کا علم بلند رکھا۔ 1985 میں میرے حلقے میں ہسپتال، پکی سڑک نہیں تھی۔ اللہ نے کرم کیا وسیلا میں بنا اور ایک، ایک گاؤں کو روشنی دی۔ کبھی کسی مخالف سے زیادتی نہیں کی، میں نے کوئی مل نہیں لگائی۔ جب اقتدارمیں آیا حلقے کے لیے کام کیا۔ اپنے حلقےمیں بہت سے ترقیاتی کام کرائے، کبھی خاندان کی سیاست نہیں کی، ہمیشہ پاکستان کی سیاست کی ہے۔ میرے مخالفین نے علاقے کی کوئی خدمت نہیں کی، پورے پاکستان کی نظر اس حلقے پر ہے۔ میں نے کاسہ نویسی نہیں کی، 34 سال نوازشریف کا ساتھ دیا لیکن درخواست نہیں کی۔
سابق وفاقی وزیر نے انتخابی جلسہ سے خطاب میں مزید کہا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر کراچی کا آپریشن کیا، فوج کیساتھ ملکردہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی۔ ناموس رسالت کے خلاف سوشل میڈیا کو بند کیا۔ میں نے خاکوں کے مسئلے پر کہا سوشل میڈیا بند کردوں گا، میرے لیے ایمان سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔