لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت ایک بار پھر بگڑگئی جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان کے مزید ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت ایک بار پھر بگڑگئی ہے جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے آج پھر طبی معائنہ کیا اور ان کے مزید ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا میگا کٹس کا ایک اور سیشن بھی متوقع ہے۔
سربراہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حالت تاحال ناساز ہے، ان کے پلیٹلیٹس کی تعداد غیر متوقع طور پر تیزی سے اپ ڈاؤن ہو رہی ہے، ابھی پلیٹلیٹس کی تعداد 25 ہزار ہے تاہم ان کی طبیعت 30 ہزار تک پہنچنے کے بعد نارمل تصور ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک نواز شریف نے کسی اور اسپتال جانے کی خواہش ظاہر نہیں کی جب کہ آج ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج سے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔