اوکاڑہ (جیوڈیسک) حلقہ این اے 144 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا مجھے فخر ہے کہ میں نے پاکستانی قوم کو نئی سوچ دی۔ میں نے قوم کو ایک آزاد قوم بنانے کی کوشش کی اور قوم کے جاگنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔
عمران خان نے کہا قوم پیسے اور تگڑی فوج سے نہیں بلکہ انصاف ملنے سے اوپر جاتی ہے۔ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم اور ناانصافی کا نہیں چل سکتا۔ ہمارا وزیراعظم آئی ایم ایف سے بھکاریوں کی طرح قرضے مانگتا ہے۔ حکمرانوں نے بھیک مانگ مانگ کر ہر پاکستانی کو مقروض کر دیا۔ عمران خان نے کہا مغرب اور پاکستان میں انصاف کے نظام کا فرق ہے۔ مغرب میں لوگوں کو انصاف ملتا ہے لیکن پاکستان میں امیر اور غریب کا فرق ہے۔
ملک میں طاقت ور ہر ناجائز کام کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب حافظ آباد کا جلسہ دیکھ کر ڈر گئے اور خوف میں آ کر کسان پیکج دیدیا۔ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی ہیں کیونکہ آپ نے منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ہے۔
میاں صاحب آپ سے تو آصف زرداری بہتر ہے جس نے 480 ارب کا سرکلر ڈیٹ چھوڑا اور آپ نے 615 ارب کا کر دیا عمران خان نے کہا نندی پور میں ڈاکہ مارا گیا اور پراجیکٹ کو 22 ارب کی بجائے 84 ارب تک پہنچا دیا اور جو پانچ دن بعد بند ہو گیا۔