نواز شریف ملک و قوم کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں:غلام دستگیر خان

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک و قوم کی بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں، شریف برادران کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیںہے، مسلم لیگ ن کی حکومت انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دے کر ہی دم لے گی، شہر قائد کی روشنیاں بہت جلد دوبارہ بحال ہو جائیں گی اپوزیشن کے پاس حکومت پر تنقید کا کوئی جواز نہیں ہے شیخ رشید کی جادو کی بانسری لال حویلی میں بھی سننے والا کوئی نہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل ہی انتہائی سوچ بچار کی بعد ملک کو ان مسائل سے ہمیشہ کے لئے نکالنے کے لئے ایک قومی ایجنڈہ تشکیل دیا اور اپنا منشور عوام کے سامنے رکھا عوام نے دہشت گردی ،بد امنی ،مہنگائی اور لوڈ شیدنگ کے خاتمے کے لئے انہیںبھاری مینڈیٹ دیا ہے اور اس پر عمل کے لئے شریف برادران اور انکی ٹیم دن رات ایک کئے ہوئے ہے مسلم لیگ ن کو انتخابات میں عوام سے کیا ہوا ایک ایک و عدہ اچھی طرح یاد ہے اور ان وعدوں کی تکمیل بہت جلد عوام اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض رہنمائوں نے خود کوسیاست کو زندہ رکھنے کے لئے حکومت پر تنقید کو اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے اور ٹی وی ا ینکرز بھی ایسے شخص کو گھنٹوں الٹی سیدھی ہانکنیکا وقت دے رہے ہیں جسکی جادو کی بانسری کو لال حویلی میں بھی کوئی نہیں سنتا، ملک کو بے دردی سے لوٹنے والے چور لٹیرے ملک و قوم کے ساتھ نئی وارداتوں کے لئے نقب لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن مسلم لیگ ن کی قیادت اپنے عزم ،نیک نیتی اور اہلیت کے بل بوتے پر ان کے عزائم خاک میں ملا دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے درست ا قدامات کی بدولت کراچی بہت جلد دوبارہ روشنیوں کا شہر بن جائے گا۔