نواز شریف نے نہتے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ دئیے :پی ٹی آئی

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں پولیس کی تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مظاہرین پر شیلنگ اور دیگر مظالم کے حوالے سے روز نامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی سعدیہ سہیل رانا، ڈاکٹر نوشین حامد، نبیلہ حاکم نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے حواریوں نے نہتے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ دئیے، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نواز شریف اپنی حکومت نہیں بچاسکتے، حکمران اتنا ظلم کریں جتنا کل وہ برداشت کرسکیں، ماڈل ٹاؤن اور اسلام آباد کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ق لیگ کی سیمل کامران، خدیجہ عمر ، ماجدہ زیدی نے کہا کہ حکومتی ایما پر پنجاب سے لائے ہوئے پولیس کے گلوبٹوں نے حق اورسچ کی آواز کو دبانے کے لئے نہتے صحافیوں کو جس طرح تشدد کانشانہ بنایا اس کی کسی مہذب معاشرے میں مثال نہیں ملتی، حکمران ٹولہ بوکھلاہٹ کاشکار ہو گیا ہے۔

ن لیگ کی کنول نعمان، صبا صادق، ذکیہ شاہ نوازاور شمیلہ اسلم نے کہا کہ نام نہاد لیڈروں نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملک کے اعلیٰ ترین اداروں اور عمارتوں پر حملہ کیا اور ان پر قابض ہونے کی کوشش کی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عمران خان بتائیں کہ پارلیمنٹ اور سیکرٹریٹ پر دھاوا بولنے کا انکا فعل کس قدر آئینی تھا؟