نواز شریف کی نااہلی، فیصلہ عالمی معیار پر نہیں اترے گا: مولانا فضل الرحمان

Maulana Fazlur Rahman

Maulana Fazlur Rahman

اسلام آباد (جیوڈیسک) میاں نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد اپنا موقف دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی بحران پیدا کر کے پاکستان کو عدم استحکام کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ سارا کچھ عدم استحکام اور پاکستان کی سلامتی کو مخدوش کرنے کی شروعات ہو سکتی ہے۔ پہلے بھی کہا تھا کہ یہ معاملہ کرپشن نہیں بلکہ سیاسی بحران کا ایجنڈا ہے۔ ایسے بحران ملک کیلئے مفید نہیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عالمی معیار پر پورا اترے گا۔ کیا اس فیصلے کے بعد پاناما کمپنیوں اور فلیٹس کا پیسہ پاکستان آ جائے گا؟ اگر ایسا نہ ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا مقصد صرف ایک وزیر اعظم کو ہٹانا تھا؟َ انہوں نے کہا کرپشن اور کمیشن پر کوئی فیصلہ نہیں آیا۔

نیب پر مدعی جماعت کو بھی اعتماد نہیں تھا لیکن آج اسی میں کیس ڈالے جا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کے بعد اس وقت ملک میں کوئی سربراہ نہیں، اس کا کون ذمہ دار ہے؟ سپریم کورٹ جب وزیر اعظم کو نااہل قرار دے رہی تھی تو اسے خلا کا بھی سوچنا چاہیے تھا۔