نواز شریف کا نااہلی سے بچنا ناممکن ہے: عمران خان

Meeting

Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) پارٹی چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا ہے جس میں پاناما کیس پر سپریم کورٹ کی سماعت سے متعلق تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نااہلی سے بچنا ناممکن ہے۔

کرپشن کی تاریک رات ختم ہونے کو ہے۔ مجھے نیا پاکستان بنتا نظرآرہا ہے۔ امید ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم جشن منائے گی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔

دوسری جانب دنیا نیوز تحریک انصاف کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے لے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ عدلیہ سے حکومتی محاذ آرائی پر پارٹی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بیرون ملک سفر کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ پاناما کیس کا فیصلہ آنے تک ملک میں موجود رہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کارکنوں کو فوری کوئی بھی کال دینے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عدلیہ پر دباؤ کا تاثر ملے گا۔ ضرورت پڑنے پر کارکنوں کو ہنگامی طور پر کال دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے میڈیا کے ذریعے حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کی تجویز دی ہے۔