لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو این اے 120 کی انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی حلقہ این اے 120 کی نشست پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز امیدوار ہیں جب کہ تحریک انصاف نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو میدان میں اتارا ہے۔
مریم نواز اپنی والدہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم باضابطہ شروع کرچکی ہیں اور اس حوالے سے گھر گھر جاکر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میاں نوازشریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں (ن) لیگی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سعد رفیق، جاوید لطیف، دانیال عزیز اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے عید کے بعد این اے 120 کی انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران نوازشریف کی نااہلی کے خلاف عدالت عظمیٰ میں دائر کی جانے والی نظر ثانی اپیل پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں بیگم کلثوم نوازکی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔