کراچی (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنی غلطیوں کا ازالہ کریں، پیپلز پارٹی جمہوریت کے ساتھ ہے۔
رحمان ملک کہتے ہیں آصف زرداری موجودہ حالات میں بڑے بھائی کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم ان سے رابطہ کریں جبکہ آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ چودہ اگست ہو ہی پتہ چلے گا انقلاب آ رہا ہے یا نہیں؟۔
کراچی بار سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جلسے جلوسوں سے حکومتیں ختم نہیں ہوتیں نواز شریف غصے اور جذبات کو ایک طرف رکھ کر فیصلے کریں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے نوازشریف کو موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطے کا مشورہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کو روکا گیا تو دھنگا فساد ہو گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ انقلاب صرف باتیں کرنے سے نہیں آتے۔