بیگم کلثوم نواز کی رسم قل ادا، زرداری سمیت اہم رہنماؤں کی شرکت

Begum Kalamum Nawaz

Begum Kalamum Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) بیگم کلثوم نواز کی رسم قل ادا کر دی گئی۔ سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مختلف رہنما نواز شریف سے تعزیت کرنے آتے رہے۔

جاتی امرا لاہور میں سابق خاتون اول کی رسم قل کی ادائیگی میں شریف فیملی کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی بھرپور آمد، آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے، نواز شریف اور مسلم لیگی رہنماوں نے وفد کا استقبال کیا، تعزیت کے موقع پر شہباز شریف بھی موجود رہے۔

تیس منٹ کی موجودگی میں آصف زرداری نے بیگم کلثوم نواز کی جمہوری خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مغفرت کی دعا کی۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین بھی اپنے بیٹوں کے ہمراہ نواز شریف کا دکھ بانٹنے پہنچے۔ پرویز الہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مسلم لیگی رہنما بھی دن بھر جاتی امرا پہنچتے رہے اور پیرول میں توسیع کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔ عوام الناس کے لئے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں رسم قل کا اہتمام کیا گیا جس میں رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔