دو ہزار تیرہ چودہ کی دنیا کی پانچ سو بااثر مسلمان شخصیات کی فہرست جاری کر دی گئی۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف، جنرل اشفاق پرویز کیانی ، عمران خان اور ملالہ یوسف زئی بھی شامل ہیں۔
اردن کے بین الااقوامی تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سنٹر کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست میں خادمین حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز، امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس بھی شامل ہیں۔
فہرست میں ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان اور صدر عبداللہ گل کے علاوہ افغان صدر حامد کرزئی اور بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، عمران خان ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، حافظ محمد سعید اور عبدالستار ایدھی کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ ملالہ یوسف زئی، مولانا محمد الیاس قادری، مولانا طارق جمیل، مولانا فضل الرحمان اور طاہر القادری کو بھی پانچ سو بااثر افراد میں شمار کیا گیا ہے۔
بھارتی اداکار عامر خان، موسیقار اے آر رحمن بھی بااثر افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ اردن کا یہ اسلامی تحقیقی ادارہ عالمی سطح پر غیر جانبدار تحقیقی ادارہ تصور کیا جاتا ہے جو ہر سال بااثر مسلمان افراد کی فہرست جاری کرتا ہے۔