اب نواز شریف کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا 2015 انتخابات کا سال ہے، شیخ رشید

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

کراچی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ نواز شریف کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، قربانی سے پہلے قربانی ہوگی، 2015 انتخابات کا سال ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا۔

کہ کوئی کسی کو پاک فوج کی پیداوار کا طعنہ نہ دیں، اس ملک میں کوئی ایک بھی ایسا سیاست دان نہیں جسے فوج کی حمایت حاصل نہ رہی ہو خود نواز شریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیدائش ہیں۔ نواز شریف ایک کاروباری وزیر اعظم ہیں انہوں نے اپنے دور حکومت میں جرنیلوں اور ججوں کو خریدا۔ ہم مسائل میں گھرے عوام کے لئے لڑرہے ہیں۔

نواز شریف جمہوریت کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں، جہاں نوازشریف جائیں گے دھرنا بھی وہاں جائے گا۔ انہیں ایک نشست والی جماعت کا طعنہ دیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت کرنے والی 11 میں سے 8 جماعتیں زیادہ نمائندگی نہیں رکھتیں۔

وہ عمران خان کے اتحادی ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کا دشمن ایک ہی ہے اور نواز شریف سے نجات دونوں ہی کا ایجنڈا ہے، اسی لئے انہوں نے کہا تھا کہ کہ دونوں رہنماؤں کو لاہور سے ایک ساتھ نکلنا پڑے گا اور اسلام آباد میں اکٹھا ہونا پڑے گا اور بالاخر یہی ہوا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بہت اہم تھا لیکن اب اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق خط بھی سامنے آگیا ہے۔

اور جلد ہی جرنیلوں کے حلف نامے بھی آجائیں گے۔ اب معاملہ پرویز مشرف کا نہیں نواز شریف کے استعفے کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک جماعت ہو گئی ہے، خورشید شاہ کے خلاف نیب میں موجود کیسز ختم ہورہے ہیں اس لئے وہ نواز شریف کی حمایت میں بول رہے ہیں لیکن نواز شریف کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ 2015 انتخابات کا سال ہے اور قربانی سے پہلے قربانی ہو گی۔