نواز شریف نے ایک سالہ دور حکومت میں ملک کو مذاکرات کے نام پر طالبان کے حوالے کردیا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
Posted on May 12, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
اسلام آباد (اسٹاف رپو ٹر) 11 مئی ملکی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے، جس دن جمہوریت کے نام پر موجودہ حکمران انجینئرڈ الیکشن کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوئے، نواز شریف نے ایک سال کے دور حکومت میں ملک کو مذاکرات کے نام پر طالبان کے حوالے کردیا ہے۔
وطن عزیز میں بڑھتی ہوئی امریکی و سعودی مداخلت نے ہماری سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ، پاک فوج ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے۔ ان خیالات کا اظہارمقررین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سر براہ نے 11 مئی کو یوم سیاہ کے موقع پر فیز آباد انٹر چینج اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میںمجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل علامہ امین شہیدی ،ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری ،علامہ اکبر کاظمی ،ملک اقرار حسین سمیت دیگر نے مرکزی مظاہرے سے خطاب میں کیارہنمائوں نے طالبان سے مذاکرات اور امریکی و سعودی مداخلت کو ملک کی عوام کے لئے زہر قاتل قرار دیا۔ اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا موجودہ حکومت انتظامی امور کے ہر پہلو سے ناکام ہے۔
موجودہ حکمرانوں نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے نعرے کو بنیاد بنا کر اقتدار میں آئے تھے لیکن آج توانائی کا بحران بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے، ستم بالائے ستم یہ کہ توانائی بحران کے حل کی واحد اْمید پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بھی ملک دشمن عالمی طاقتوں کے دباؤ میں آ کر پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات کے نام پر پورے ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی ہے، تاریخ میں پہلی بار پاکستانی شہریوں پر عالمی سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ اْن کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی دہشت گردوں کی جنت چکا ہے، امریکہ اور سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ملکوں کی دہشت گردانہ خارجہ پالیسی کی بے جا حمایت کی وجہ سے پاکستان عالمی سفارتی تنہائی کا شکار ہوگیا ہے، اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء ہے جبکہ خود حکومتی صفوں میں گروہ بندی عروج پر ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ملک کے محروم علاقے بدترین تنہائی کا شکار ہیں جبکہ ریاستی کنٹرول ملک میں کہیں نظر نہیں آتا، اقتدار ایک گھر کے اندر تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ لیپ ٹاپ سکیم اور یوتھ فیسٹول کے نام پر کرپشن اور سیاسی رشوت کا بازار گرم ہے۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور حکومت میں شیعہ نسل کشی میں اضافہ اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ میاں صاحبان نے کالعدم جماعتوں کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے، پاک فوج ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں خودکشیوں کی شرح بلند ترین سطح پر ہے۔
جو عوام کی ناگفتہ بہ حالت کی عکاس ہے، ایسے حالات میں کوئی بھی محب وطن خاموش نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا حکمرانوں نے ایک سال میں سوائے دلاسوں اور جھوٹے وعدوں کے کچھ نہیں دیا، ایسے حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، جو مظاہرے اور دھرنے کے سوا کوئی اور زبان سمجھتے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنا حق لینے کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔
جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حکمران نااہل ہیں، انہیں فوری طور پر اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔مظاہرے میں خواتین و بچوں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے جوالیکشن کمیشن اور نواز حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی۔