اسلام آباد (جیوڈیسک) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ فیملی اینڈ فرینڈز کی حکومت کو جمہوری نہیں کہہ سکتے۔ دھاندلی سے بننے والی پارلیمنٹ کا کوئی تقدس نہیں۔ فضل الرحمن اور اچکزئی کی پارلیمنٹ میں فوج مخالف تقریریں ملک سے غداری ہیں۔ نوازشریف کی حکومت کے خاتمے سے ہی جمہوریت اور ملک بچ سکتے ہیں۔ حکمرانوں کے لئے ستمبر ستم گر ثابت ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ ناموسِ رسالت محاذ، انجمن طلبائے اسلام، پاکستان فلاح پارٹی اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ انقلابی دھرنے کو ریاستی طاقت سے ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو عوامی جنگ پورے ملک میں پھیل جائے گی۔
سنی اتحاد کونسل طاہر القادری کا ساتھ نہیں چھوڑے گی۔ حکومت کے خاتمے تک دھرنا جاری رکھنے کے موقف پر قائم ہیں۔ نسل درنسل حکمرانی کرنے والوں کا دور ختم ہونے والا ہے ۔ پارلیمنٹ مراعات یافتہ اشرافیہ کا کلب بن چکی ہے ۔ شاہراہ دستور پر بیٹھے لوگ شرپسند نہیں بلکہ عوامی حقوق کے علمبردار پرامن سیاسی کارکن ہیں۔