اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے لیے ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرادیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شاہ محمود قریشی کی صدارت ہوا جس میں وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے لیے تیار کیے گئے ریفرنس پر تفصیلی غور کیا گیا جب کہ مشاورت کے بعد 200 صفحات پرمشتمل ریفرنس کی منظوری دے دی گئی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم نواز شریف کی ناہلی کے لیے ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرادیا اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسپیکرغیرجانبدار ہیں اور ہم نے اسپیکر کو ثبوت دے دیے ہیں جب کہ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ و ٹیکس چھپانے کی کوشش کی گئی اور گوشوارے میں بھی حقائق چھپائے گئے ہیں۔
اجلاس کے بعد پی ٹی آئی میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے اہلخانہ کا نام آنے پر پی ٹی آئی جو تحریک چلارہی ہے یہ ریفرنس بھی اسی کا حصہ ہے۔
ریفرنس دائر کرانے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف اس حوالے سے شواہد جمع کرلیے گیے ہیں، جب انہوں نے لندن میں اپنے بچوں کی جائیداد کے بارے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور باہر جھوٹ بولا تھا۔
انہوں نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ان آرٹیکلز پر پورا نہیں اترتے، لہٰذا انہیں بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پہلے ہی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرچکی ہے۔