لاہور (جیوڈیسک) چودھری شجاعت حسین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانامہ کیس میں تاریخ لکھی جا رہی ہے، فیصلہ تاریخی ہو گا اور تمام چیزیں سامنے آ جائیں گی، ایک جج صاحب نے صحیح کہا تھا کہ فیصلہ مثالی اور برسوں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام سپریم کورٹ اور مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ انکے خیال میں سپریم کورٹ صرف فیصلہ نہیں کرے گی بلکہ ایک گائیڈ لائن بھی دے گی کہ ملک کو اس طرح چلایا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری جماعت کا ن لیگ کے سوا ہر جماعت کے ساتھ الائنس ہو سکتا ہے اور سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔
ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں، ملک میں جمہوریت ہے نہ ڈکٹیٹر شپ، صرف کمائی کا نظام چل رہا ہے۔
اب ہر آدمی کی نظر سپریم کورٹ پر لگی ہے اور حکمران اس پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کر سکتے، نواز شریف نااہل ہو گئے تو ن لیگ ختم ہو جائے گی۔