لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر نواز شریف کی معنی خیز خاموشی حیران کن ہے، کہتے ہیں نواز شریف مودی کو ساڑھیاں بھیج رہے ہیں اور وہ خیر سگالی کے جواب میں را کے ایجنٹ بھیج رہے ہیں۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں چودھری پرویز الٰہی نے پاک آرمی اور انٹیلی جنس اداروں کو را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کس قدر بدقسمتی ہے کہ ایک طرف مودی مذاکرات کے لئے آتے اور دوسری طرف را کے ایجنٹ بھیج رہے ہیں۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سکولوں اور ہسپتالوں کا دورہ کرکے دیکھ رہے ہیں کہ انہوں نے جہاں تباہی برپا کی ہے وہ کھنڈرات اب کیسے ہیں۔
پرویز الہی نے باب پاکستان کے معاملے پر کہا کہ اس منصوبے پر پاک آرمی نے ان کے دور میں کام کیا انہوں نے ہائی کوٹ سے انکوائری کرانے کا چیلنج دیدیا۔ باب پاکستان جیسے قومی اثاثے کے پیسے بھی ڈالر بنائو ٹرین منصوبے میں لائے جا رہے ہیں۔