ملکہ کی خبریں 7/3/2018

Malka

Malka

ملکہ (عمر فاروق اعوان) کوٹلہ ارب علی خاں میں میاں نواز شریف کا کامیاب جلسہ۔ یونین کونسل ملکہ یونین کونسل ڈوگہ اور یونین کونسل بھگوال کے چیئرمینوں نے مرکزی کردار ادا کیا اور ہزاروں افراد کے جلوس کے ساتھ جلسہ گا ہ میں شرکت کی۔ جبکہ میاں نواز شریف کے جلسہ کوٹلہ کے سٹیج سے سٹیج سیکرٹری اور پاکستان مسلم لیگ ن امریکہ کے نائب صدر ملک عبد الخالق اعوان نے بھی ملک اقبال اعوان ،ملک اشفاق اعوان ڈوگہ۔ملک صفدر اعوان بھگوال اور ملک افتخار احمد اعوان کے نام لے کر تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔میاں نواز شریف کا کامیاب جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حلقہ کے عوام میاں نواز شریف اور چوہدری عابد رضا کوٹلہ کی پالیسوں پر متفق ہیں اور ان کے ساتھ ملکی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں ۔میاں نواز شریف اور مریم نواز بھی کوٹلہ برادران کی طرف سے منعقدہ کامیاب جلسہ سے خوش ہیں اور اس کا خصوصی ذکر انھوں نے اپنے خطاب میں کیا تھا ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ملکہ(عمر فاروق اعوان ) سابق ایم این اے مسلم لیگ (ن) ملک جمیل اعوان نے کہا ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کا احتساب کریں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف اپنے حکومتی صوبوں میں عوام کو ڈلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ ان جماعتوں نے اپنے حکومتی صوبوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ 2013ئ میں ملک کو درپیش توانائی بحران سمیت دہشت گردی اور اقتصادی صورتحال کے بڑے چیلنجز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے اپنے اس ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں حل کر دیا ہے۔ سابق ایم این اے کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہیں اور ان دونوں جماعتوں نے ایسے امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹس دئیے جن کا کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی اسمبلی کے ممبران نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں دوسری جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دیکر اپنی قیادت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ کے انتخابات میں اپنے ہدف کو حاصل کیا ہے اور اب وہاں سب سے بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ ملک جمیل اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شیخ رشید نے کبھی بھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی کیونکہ وہ اس کے خلاف توہین آمیز کلمات استعمال کرتے ہیں اور انہوں نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مخالفین سیاسی میدان میں تو ہماری جماعت کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ اقتدار کے حصول کے لیے غیر آئینی طریقوں کو اپناتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ملکہ(عمر فاروق اعوان )سینٹ چیئرمین، پرویز رشید کے چیئرمین سینٹ بنائے جانے کی چہ مگوئیاں ۔تفصیل کے مطابق سینٹ انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب عوام کی نظریں چیئرمین سینٹ پر لگی ہوئی ہیں ۔پیپلز پارٹی ۔ن لیگ اور تحریک انصاف اپنے اپنے پلیٹ فارم سے کوششوں میں مصروف کہ چیئرمین سینٹ ان کی جماعت کا بنے ۔لیکن پی ایم ایل این کی سینٹ میں اکثریت کے بعد چیئرمین سینٹ بھی ن لیگ سے ہی ہو گا ۔باخبر ذرائع سے معلوم ہو ا کہ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی گڈ بک میں پرویز رشید شامل ہیں اور سینیٹر پرویز رشید مسلم لیگ ن کی طر ف سے چیئرمین سینٹ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔