اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور وزیراعظم نواز شریف کی ون آن ون ملاقات، ملاقات میں پاک امریکا سٹر یٹجک تعلقات کی بحالی، افغانستان کی صورتحال اور ڈرون حملوں سے متعلق بات چیت ہوئی۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری وزیراعظم ہاس اپنے وفد کے ہمراہ پہنچے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ جان کیری اور وزیراعظم نواز شریف کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد پاک امریکا وفود کے درمیان باضابطہ بات چیت ہوئی۔ پاکستان کی طرف سے وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ،طارق فاطم، سیکرٹیری وزارت خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
پاکستان میں امریکا کے سفیر رچرڈ اولسن اور امریکی وزارت خارجہ کے اہلکاروں نے بھی بات چیت میں شرکت کی۔ اس سے قبل دفتر خارجہ میں جان کیری کی سربراہی میں امریکی وفد نے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے مذاکرات کئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاک امریکا سٹریٹجک تعلقات کی بحالی، افغانستان کی صورتحال اور ڈرون حملوں سے متعلق بات چیت ہوئی۔ بات چیت کے دوران توانائی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔