اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید سے ملاقات کی اور ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی، ذرائع سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماوں نے چیئر مین نیب کیلئے نئے نام دینے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم نے سید خورشید شاہ سے منسٹرز انکلیو میں ملاقات کی۔
اپوزیشن لیڈر نے ذرائع کو بتایا کہ دونوں رہنماوں نے چیئر مین نیب کیلئے رانا بھگوان داس اور خواجہ ظہیر کے نام ڈراپ کرنے پر اتفاق کیا ہے، ان کی جگہ ایک ایک یا دو دو نئے نام دیئے جائیں گے۔
اس معاملے پر بہت دیر ہو چکی اب نام فائنل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اتفاق سے لائیں گے، انا کا مسئلہ نہیں بنائیں گے۔ خورشید کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتہ مزید جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، وزیر اعظم نے اتفاق کیا ہے کہ صدر کے خطاب پر بحث کرائی جائے گی۔