جدہ (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نجی دورے پر سعودی عرب پہنچے تو انہیں غیر معمولی پروٹوکول دیا گیا۔
شاہی خاندان کی انتہائی اہم شخصیت پرنس خالد الفیصل نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ نواز شریف کی سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ سے ملاقات میں دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی۔
سعودی فرمانروا اور ولی عہد نے نواز شریف کو تیسری بار وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات صرف سیاسی نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔