نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران پر قابو پالیا جائے گا، آصف باجوہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی محمد آصف باجوہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں عنقریب توانائی بحران پرقابوپالیا جائے گا، ضمنی الیکشن میں عوام کامسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہمارا سرمایہ افتخار ہے۔

گذشتہ روز اپنے حلقے کے کارکوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی اورپنجاب حکومت کے سنجیدہ اقدامات سے عام آدمی کی حالت زار ضرور بدلے گی۔ عوام کاوفاقی اورصوبائی اداروں پراعتماد بحال کرنے کیلئے خادم پنجاب میاں شہباز شریف کا تھانہ اورپٹوارکلچر کی تبدیلی کاوعدہ ضرور وفا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن وامان کی تسلی بخش صورتحال کا کریڈٹ خادم پنجاب میاں شہباز شریف کوجاتا ہے، دوسرے وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں قیام امن کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی اصلاحات کو مشعل راہ بنالیا۔