اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر تازہ ترین خلاف ورزیوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی بھی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے شہید ہونے والے پاکستانی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں اضافہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور بے گناہ افراد کے خلاف ناقابل بیان مظالم ڈھا رہی ہیں،بھارتی قبضہ کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور بھارتی حکومت نوشتہ دیوار پڑھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر کشیدگی پیدا کر کے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہمیشہ انتہائی احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔