اسلام آباد (جیوڈیسک) مریم نواز کا کہنا ہے جے آئی ٹی نے مجھے کیس میں شامل کر لیا، میرے خلاف مقدمات بنائے گئے اور سوال جواب ہوئے، اس کا تعلق اس مائنڈ سیٹ سے ہے جو کہتا ہے کہ آپ کو سبق سکھائیں گے، نواز شریف کو سبق سکھانے کیلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا۔
مریم نواز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجھے واٹس ایپ کال والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑا، جانتی ہوں مجھ پر ریفرنسز کیوں قائم کیے گئے، معلوم ہے 70 سے زائد پیشیاں کیوں بھگت چکی ہوں، یہ بھی معلوم ہے کینسر کے مرض میں مبتلا میری ماں سے مجھے کیوں دور رہنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا میرا قصور یہ بھی ہے کہ اپنے باپ کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہوں، ریفرنس میں الجھانے کی وجہ یہ بھی ہے کہ میرے باپ کے اعصاب کو دباؤ میں ڈالا جائے۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا نواز شریف ہر جبر کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونے والے انسان ہیں، انہوں نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے، منصوبہ بنایا گیا کہ نوازشریف کو صرف ایک ہی طرح سے جھکایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف کی بیٹی کمزوری نہیں ، انکی طاقت ہے، نواز شریف کرسی یا اقتدار کے لیے نہیں ایک انقلاب کے لیے میدان میں نکلا ہے، اپنے والد کے ساتھ ان کے جہاد میں کھڑی ہوں۔
مریم نواز نے مزید کہا ہمارے دین، تہذیب، اقدار اور روایات میں بیٹیوں کو خاص مقام حاصل ہے، آج تمام روایات، اقدار سب کچھ بغض عناد کی نذر ہو گیا۔ انہوں نے کہا آج بیٹیاں سانجھی نہیں رہیں، آج کا دستور یہ ہے کہ بیٹی کو باپ کی کمزوری بنایا جائے، پاناما کا پہلا فیصلہ آیا تو سب چیزیں تفصیل سے سامنے لائی گئیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں میرا کہیں ذکر نہیں تھا۔