نواز شریف سے ملاقاتوں پر پابندی قابل مذمت ہے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا پارٹی کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب میں کہنا تھا کہ نواز شریف سے ملاقاتوں پر پابندی قابل مذمت ہے، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو اپنے قائد سے نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میری جیل میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی، وہ ملکی حالات کی وجہ سے بہت پریشان ہیں، انہوں نے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ ہم عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

شہباز شریف نے پارٹی ارکان کو بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن بجٹ کو مسترد کر چکے ہیں، ہم انشا اللہ اسے پاس نہیں ہونے دیں گے۔