بنی گالا (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مطابق ایون فیلڈ (لندن) جائیدادیں اُن کے بیٹوں کی ہیں مگر وہ نہیں جانتے کہ اُن کی خریداری کے لیے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟ دراصل نواز شریف کو منی لانڈرنگ کے حق میں ایک مضحکہ خیز ترکیب سوجھی ہے۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر نواز شریف کے بیان کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کتنے شرم کا مقام ہے کہ تین مرتبہ وزیر اعظم بننے والا شخص احتساب عدالت میں کہتا ہے کہ ایون فیلڈ (لندن) جائیدادیں اُن کے بیٹوں کی ہیں مگر وہ نہیں جانتے کہ اُن کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے آئی؟ نواز شریف کے مطابق اُن کے بیٹے برطانوی شہری ہیں جن پر پاکستانی قانون لاگو نہیں ہوتا۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ نواز شریف آج قطری خط سے بھی دست بردار ہوگئے، سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی میں دوسال پر محیط وقت اور عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ضائع کرنے کے بعد نواز شریف کو منی لانڈرنگ کے حق میں ایک مضحکہ خیز ترکیب سوجھی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ کوئی بھی چوری کر کے پیسہ اور بچے دونوں باہر بھجوا دے اور معصوم سی شکل بنا کر کہہ دے کہ اسے نہیں معلوم بچوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا۔