لاہور (جیوڈیسک) بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں وزیر اعظم نواز شریف کے نیب کے حوالے سے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ احتساب کے قانون میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرور ت ہے، نواز شریف کا بیان محض دھوکہ ہے۔
نیب، ایف آئی اے اور دیگر وفاقی ادارے صرف ایک صوبے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ سندھ حکومت کو مفلوج کرنے کے لئے چھاپے مارے گئے۔ نواز حکومت کے تمام عملدار کچھ مہینوں سے تمام ضابطوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
نواز کابینہ کے ماتحت اداروں نے سندھ حکومت کو مفلوج کرنے کے لئے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے کارروائیاں کیں جبکہ نواز شریف نے وفاقی وزراء کے حملوں اور سندھ پر چڑھائی کے عمل کو سپورٹ کیا۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کسی کو مقدس گائے نہ سمجھے، ماضی میں احتساب کے عمل کو پیپلز پارٹی کو نشانہ بنانے کے لئے ہتھیار کے طور پر استمعال کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کے مخالفین کو کبھی ہاتھ بھی نہیں لگایا گیا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی معصوم اور ایماندار فرد سیاسی وابستگی کی بناء پر انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بننا چاہئے۔