اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔
گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا تھا جس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں شامل کرلیا گیا ہے جس کےبعد ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ہوگئی ہے۔
اس سے قبل نگران وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے گریز کیا تھا۔
واضح رہےکہ نواز شریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی جس کے بعد تینوں شخصیات اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
تینوں شخصیات نے سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس پر عدالت نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے جو عید کے بعد سنایا جائے گا۔