اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف بھارت کے نومنتخب وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے نئی دلی جائیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کے نومنتخب وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت کو باضابطہ طور پر قبول کرلیا ہے۔ وزیراعظم خصوصی دعوت پر پیر کو نئی دلی جائیں گے، اس موقع پران کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ سیاسی شخصیات اور سرکاری حکام بھی موجود ہوں گے۔
وزیراعظم نواز شریف تقریب حلف برداری میں شرکت کے علاوہ نومنتخب بھارتی ہم منصب نریندر مودی اور صدر مملکت پرناب مکھرجی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ امور، خطے کی صرت حال اور باہمی مسائل کے حل کے لئے جامع مذاکراتی عمل دوبارہ بحال کرنے پربھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ نریندر مودی کی تقریب حلف برداری پیر کی شام نئی دلی میں ہوگی جس میں وزیر اعظم نواز شریف سمیت جنوبی ایشیا کے تمام سربراہان مملکت سمیت دیگر ممالک کے خصوصی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔