کراچی (جیوڈیسک) جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشیں کیں ، نواز شریف بتائیں نریندر مودی کے سامنے بیٹھ کر کشمیریوں کو کیا جواب دیں گے؟ وزیر اعظم اقلیتیوں کو تحفظ سے متعلق” لیاقت نہرو ” معاہدہ بھارت میں پیش کریں۔
کراچی میں تکبیر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی تربیت آر ایس ایس نے کی ہے لہٰذا ہمیں غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے ، نواز شریف نے دورہ بھارت کے حوالے سے جلد بازی کی۔
حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ افغانستان میں شکست خوردہ امریکا دوسروں کا کندھا استعمال کر کے پاکستان سے انتقام لینا چاہتا ہے ، انتہا پسند نریندر مودی کو بھی باقاعدہ ایجنڈے کے تحت لایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان میں انتشار کی سازشیں کیں لیکن ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔