کراچی (جیوڈیسک) جماعتہ الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو قومی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت جانے سے انکار کر دینا چاہیئے۔
کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ سیعد کا کہنا تھا کہ بھارت سے کشمیر کے مسئلے کو حل کئے بغیر مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، وزیراعظم نواز شریف کو نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو امریکا کو خوش کرنے کے بجائے پاکستانی عوام کے مفاد کی ترجمانی کرنی چاہیئے، اگر نواز شریف بھارت کا دورہ کریں گے تو کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو کیا جواب دیں گے۔
حافظ سیعد نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کے دفاع کا ضامن ہے، جماعتہ الدعوہ کی جانب سے ہفتہ تکبیر بنایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کل کراچی میں بھی ایک پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے جب کہ 28 مئی کو اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔