لاہور (جیوڈیسک) باب پاکستان کی تعمیرنو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، چاہے الیکشن ہار جائیں، سچ بولتے رہیں گے۔
سیاسی پچ پر سعد رفیق نے ایک اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں رکاوٹیں نہ کھڑی کریں، اداروں میں مقابلے بازی نہیں چاہتے، لاہور میں خطاب کے دوران انہوں نے نام لئے بغیر سب مخالفوں کو پیغام بھی دیا۔
اپنے خطاب کے دوران سعد رفیق نے پارلیمنٹ، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام اداروں کو مل بیٹھنے کا مشورہ دے دیا، کہتے ہیں جاتی امراء میں بیٹھا نواز شریف وزیر اعظم ہاؤس سے زیادہ خطرناک ہے، نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔
وفاقی وزیر ریلویز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مکمل طور پر آزاد ملک نہیں ہے، اسے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں، کونسا ایسا حملہ ہے جو نون لیگ پر نہیں کیا گیا؟ ہم کل بھی کہیں گے اور پرسوں بھی کہیں گے کہ ہمیں انصاف چاہئے لیکن ہماری باتوں کو حملہ تصور نہ کیا جائے اور ہمارے مشوروں کو غیرذمہ دارانہ نہ سمجھا جائے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا ایسا نہ کریں کہ سیاست بچے نہ ملک، اس طرح نہیں چلے گا، سیاست بچتی ہے یا نہیں لیکن سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گے، ایک دوسرے سے محاذ آرائی اور مقابلہ نہیں، ووٹ کا احترام چاہتے ہیں اور اب فیصلہ لوگوں کا چلے گا، بند کمرے کا نہیں۔