لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کاغذات نامزدگی میں ترمیم کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔
گزشتہ دنوں قومی اسمبلی سے انتخابات بل 2017 پاس ہوا تھا جس میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی فارم میں حلف نامے میں تبدیلی کردی گئی تھی جس کی نشاندہی کے بعد پارلیمنٹ سے ترمیمی بل پاس کرکے واپس پرانا فارم بحال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ورکز کنونشن میں حلف نامے کی تبدیلی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد اب سابق وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کاغذات نامزدگی میں ترمیم کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے اور غیر ذمے داری برتنے والوں کی نشاندہی کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔
3 رکنی کمیٹی کی سربراہی راجا ظفر الحق کریں گے اور کمیٹی میں وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشاہد اللہ خان بھی شامل ہیں جب کہ کمیٹی 24 گھنٹوں میں ذمے داروں کا تعین کرکے رپورٹ (ن) لیگ کے صدر کو پیش کرے گی۔