لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف نے 27 اکتوبر کو ملک گیر یوم سیاہ منانےکے پارٹی فیصلے کی تائید کر دی۔ پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں پارٹی صدر شہباز نے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق شہبازشریف نے نواز شریف کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات اور دیگر امور پربریف کیا، ملاقات میں نوازشریف کے حوصلے بلند تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ نوازشریف کی جانب سے27 اکتوبرکو ملک گیر سطح پریوم سیاہ منانےکے فیصلے کی تائید کی گئی اور انہوں نے 27 اکتوبرکو کشمیریوں سے بھرپور اظہاریکجہتی کی ہدایت کی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ہدایت کی کہ تمام رہنما اور کارکنان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کریں۔
یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ مناتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سری نگر میں اپنی فوج اتار دی تھی۔
حکومت پاکستان نے رواں سال کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے بھی 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا اور اسی روز سے ان کا حکومت کیخلاف آزادی مارچ بھی شروع ہوجائے گا۔