میاں نواز شریف نے امریکہ کے سامنے پاکستان کا مئوقف جرات مندانہ انداز میں پیش کر دیا:غلام دستگیر خان

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے امریکہ کے سامنے پاکستان کا مئوقف جرات مندانہ انداز میں پیش کر دیا، دورہ ء امریکہ پاکستانی قوم کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا، پاکستانی وزیر اعظم کی اہم مسائل پرا مریکی حکام سے دوٹوک گفتگو کے دور رس نتائیج برآ مد ہوں گے، شکست خوردہ سیاسی مخالفین تنقید برائے تنقید کی روش چھوڑ کر قومی مفاد کے معاملات میں حکومت کا ساتھ دیں،ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے سابق حکمرانوں کی ڈنگ ٹپائو پالیسی کو یکسر تبدیل کرتے ہوئے بطور پاکستانی وزیر اعظم ایک عظیم اور دور اندیش راہنما ہونے کا ثبوت دیا ہے اور امریکہ کو بتا دیا ہے کہ پاکستان اب اپنے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اتحادی ہونے کے باعث پاکستان اندرونی خلفشار کا شکارہے اس لئے مسئلہ کشمیر کے حل وبھارت کے ساتھ سرحدی کشیدگی ، پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے اور معیشت کی بحالی کے لئے امریکہ کو ہماری معاونت کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حوالگی اور ڈرون حملوں کا معاملہ زوردار انداز میں اٹھاکر قوم کے ساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کیا ہے، نواز شریف قومی مفادات کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز سمجھتے ہیں اور اللہ کی ذات پر بھروسے اور عوام کے ساتھ کمٹمنٹ کی بدولت انکی قیادت پاکستان کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالے گی ملکی معیشت دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑی ہوگی اور بند فیکٹریوں اور کارخانوں کی چمنیوں سے دوبارہ دھواں نکلے گا۔