اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کہتے ہیں کہ نوازشریف ان سے شدید خوف زدہ ہیں اس لئے ان کے خلاف اشتہاری مہم چلائی جارہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اس وقت شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔
جس کی وجہ سے ان کے خلاف اشتہاری مہم چلارہے ہیں اور اس مد میں وہ قوم کے خزانے سے یومیہ 3 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے لئے ان کا سفر آگے بڑھ رہا ہے، آج کا دن بہت اہم ہے بڑھو کہ منزل قریب ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں آج تحریک انصاف کا جلسہ عام ہے جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔